حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع سجاول سندھ پاکستان کے میرپور بٹھورو شہر میں امام رضاؑ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ولادتِ باسعادت حضرت امام حسینؑ اور علمدارِ کربلا حضرت مولا غازی عباسؑ کی مناسبت سے بائی پاس روڈ پر ایک عظیم الشان اور منظم سالانہ فلاحی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، راہگیروں اور مسافروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کیمپ کے دوران عوام میں شربت، مٹھائیاں اور تازہ پھل عقیدت اور احترام کے ساتھ تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر بائی پاس روڈ پر قائم اسٹیج کو نہایت خوبصورت اسلامی طرز پر آراستہ کیا گیا، جو آنے جانے والوں کے لیے توجہ کا مرکز بنا رہا۔ شہریوں نے امام رضاؑ فاؤنڈیشن کے اس بامقصد اور عوامی خدمت پر مبنی اقدام کو بے حد سراہا۔
اس موقع پر امام رضاؑ فاؤنڈیشن کے صدر عادل خواجہ، رضا خواجہ اور سجاد زوار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کا پیغام آج بھی زندہ ہے، جو ہمیں حق، عدل، قربانی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، جبکہ حضرت مولا غازی عباسؑ وفا، شجاعت اور اطاعتِ امام کی ایسی عظیم مثال ہیں جو رہتی دنیا تک مشعلِ راہ رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ امام رضاؑ فاؤنڈیشن صرف تقریبات تک محدود نہیں، بلکہ عملی خدمتِ خلق پر یقین رکھتی ہے۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے غریب اور مستحق افراد کو چھوٹے کاروبار (Small Business) کے لیے معاونت فراہم کی جاتی ہے، تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ پس ماندہ اور دور دراز علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، جہاں ہینڈ پمپس کی تنصیب کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فاؤنڈیشن معذور افراد کے لیے وہیل چیئرز کی فراہمی جیسے فلاحی کام بھی انجام دے رہی ہے، تاکہ خصوصی افراد کو معاشرے میں باعزت اور سہل زندگی میسر آ سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ دینِ اسلام اور اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے اسی نوعیت کے دینی و سماجی پروگرامز کا انعقاد بھی مسلسل کیا جاتا ہے۔









آپ کا تبصرہ